
خلیج اردو
نئی دہلی – جمعرات کی صبح بھارت کے دارالحکومت دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (NCR) میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارت کے نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز ریاست ہریانہ کے ضلع جھجّر میں صبح 9 بج کر 4 منٹ پر تھا۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ شدت 4.1 کے زلزلے کا مرکز ہریانہ کے علاقے گُروارا میں تھا، جو دہلی سے متصل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اثرات اور ممکنہ نقصان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
یہ جھٹکے ایک ایسے وقت میں محسوس کیے گئے جب گزشتہ روز دہلی شدید بارشوں کی لپیٹ میں رہا، جس کے باعث کئی اہم سڑکیں زیرآب آ گئیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
جمعرات کی صبح بھی دفاتر جانے والے افراد کو بدترین ٹریفک جام کا سامنا رہا، جب کہ موسم کی خرابی کے باعث گزشتہ شب کم از کم چھ پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر موڑ دیا گیا، جن میں چار پروازیں جے پور اور دو لکھنؤ کی طرف بھیجی گئیں۔







