عالمی خبریں

اسرائیلی محاصرہ مکمل جنگی جرم ہے، اجتماعی بھوک پر خلیجی ممالک کا سخت ردعمل

خلیج اردو
ریاض: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی قبضے کے تسلسل، انسانیت سوز رویے اور غیر قانونی محاصرے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے واضح کیا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل کی مسلسل روک تھام نے انسانی بحران کو بدترین حد تک پہنچا دیا ہے، جہاں قحط پھیل رہا ہے اور غذائی و طبی سہولیات مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام اجتماعی بھوک کے ذریعے غزہ کے عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو مکمل طور پر ایک جنگی جرم ہے اور بین الاقوامی برادری کی فوری مداخلت اور احتساب کا تقاضا کرتا ہے۔

البدیوی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس ظالمانہ محاصرے کو فوری طور پر ختم کرانے، شہریوں کی جانیں بچانے اور ہنگامی انسانی امداد کے لیے راستے کھولنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی ممالک فلسطینی عوام کے جائز اور بنیادی حقوق کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے، جن میں باوقار زندگی، آزادی، اور خود ارادیت کا حق شامل ہے۔ انہوں نے عرب امن اقدام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کی ضرورت کو دہرایا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button