
خلیج اردو
اوٹاوا، 4 مارچ – بھارتی نژاد کینیڈین تاجر انکت سریواستو کو کینیڈا میں خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ملک کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا گیا۔ حکام نے نہ صرف اس کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی لگا دی بلکہ اسے مستقل رہائش دینے سے بھی انکار کر دیا۔
گلوبل نیوز کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے لے کر امریکا میں قتل کی سازش تک کئی معاملات میں بھارتی حکومت کا غیر قانونی کردار واضح ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت دیگر ممالک میں غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث رہتا ہے، اور اسی تناظر میں بھارتی کاروباری گروپ "سریواستو گروپ” کی سرگرمیاں بھی مشکوک قرار دی گئی ہیں۔
کینیڈین قومی سلامتی کے اداروں کے مطابق سریواستو گروپ اور اس کے سینئر عہدیداران خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ سی ایس آئی ایس اور دیگر حکام کا کہنا ہے کہ اس گروپ نے یورپ میں بھی بھارت کے حق میں مہمات چلائیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی باشندے غیر ملکی سرزمین پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہو رہے ہیں، جس پر مختلف ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔







