
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستانی ٹی وی چینلز جیو نیوز اور اے آر وائی نے جمعرات کو نشر کی گئی وہ خبریں واپس لے لی ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ دونوں چینلز نے تصدیق کے بغیر خبر نشر کرنے پر معذرت بھی کر لی ہے۔
https://twitter.com/AzazSyed/status/1945792960085250425
وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ "اس وقت پاکستان کے دورے کا کوئی شیڈول طے نہیں ہوا۔” اس بیان کے بعد دونوں چینلز نے اپنی ابتدائی خبروں کو واپس لے لیا۔
جیو نیوز نے اپنی وضاحت میں کہا: "جیو نیوز بغیر تصدیق خبر نشر کرنے پر اپنے ناظرین سے معذرت خواہ ہے۔”
اے آر وائی کے ایک سینئر عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ وزارتِ خارجہ کی جانب سے لاعلمی کے اظہار کے بعد چینل نے خبر کو واپس لیا۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش 2006 میں پاکستان کا دورہ کرنے والے آخری امریکی صدر تھے۔ حالیہ دنوں میں پاک امریکہ تعلقات اس وقت ایک نئی سطح پر پہنچے جب صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وائٹ ہاؤس میں غیر معمولی ملاقات کی۔






