
خلیج اردو ویب ڈیسک 12-جولائی-2020
ماہرین بھی بتا رہے ہیں کہ اب ہمیں طویل عرصے تک کورونا وائرس کے ساتھ ہی رہنا پڑے گا اور دنیا نے بھی اس موذی وباءکے حساب سے خود کو بدلنا شروع کر دیا ہے اور اس وباءسے متعلقہ اشیاءبھی فیشن کی صورت اختیار کررہی ہیں۔
اب بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت کے اس جیولری سٹور ہی کو دیکھ لیں جس نے ہیروں سے جڑے فیس ماسک متعارف کروا دیئے ہیں۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق بھارتی میڈیا پر ایک ویڈیو نشر کی جا رہی ہے جس میں اس جیولری سٹور کے اندر کا منظر دکھایا گیا ہے جہاں یہ مہنگے ترین ماسک شیشے میں سجا کر رکھے گئے ہیں اور کچھ گاہک بھی انہیں پہن کر چیک کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ عام ماسک ہیں جنہیں ہیروں سے سجایا گیا ہے۔ سٹور کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ماسک شادی پر دلہنوں کے پہننے کی غرض سے تیار کیے ہیں۔
اس ایک ماسک کی قیمت 1لاکھ سے 4لاکھ بھارتی روپے(تقریباً 2لاکھ 21ہزار سے 8لاکھ 85ہزار پاکستانی روپے) تک ہے۔ اس سے قبل بھی ایسے دیدہ زیب فیس ماسکس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
بھارت ہی میں ایک دلہن نے اپنے عروسی جوڑے کے ساتھ فیس ماسک بھی ڈیزائنر سے تیار کروایا تھا اور اس کی تصاویر بہت وائرل ہوئی تھیں۔






