خلیج اردو
نیویارک:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات اچھی طرح آگے بڑھ رہے ہیں اور یوکرین جنگ چند ہفتوں میں ختم ہوسکتی ہے۔ یہ بیان انھوں نے وائٹ ہاؤس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے بعد دیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین میں امن کے لیے یورپی افواج بھیجنے میں بظاہر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرینی صدر سے رواں ہفتے یا اگلے ہفتے ملاقات کریں گے اور کسی موقع پر روسی صدر پیوٹن سے بھی ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر ماسکو جانے کے لیے بھی تیار ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین کو اپنا علاقہ چھوڑنا چاہیے یا نہیں، اس کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ روسی صدر پیوٹن یورپی امن دستوں کو قبول کریں گے یا نہیں، یہ سوال بھی زیر غور ہوگا۔
پریس کانفرنس میں فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ ان کا مقصد یوکرین میں دیرپا امن قائم کرنا ہے اور یوکرین کو سلامتی کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ امن مشن میں یورپی فوجیوں کو شامل کیا جا سکتا ہے، تاہم یورپی افواج فرنٹ لائن پر نہیں ہوں گی۔
فرانسیسی صدر نے وضاحت کی کہ یورپی افواج کی یوکرین میں موجودگی ایک ضمانت کے طور پر ہوگی۔







