
خلیج اردو
فیفا نے عالمی اسٹیج پر ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا امن انعام سے نواز دیا ہے۔ فیفا کے صدر نے یہ ایوارڈ خصوصی طور پر ٹرمپ کو پیش کیا، جسے بین الاقوامی سطح پر غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ ڈرا کی تقریب کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کے ممکنہ خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی کوششوں نے ’’لاکھوں جانیں بچائیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنگ ہوتی تو اس کے نتائج خوفناک ہوتے، اور امن کے فروغ کے لیے کی گئی ان کی کوششیں قابلِ ذکر ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں افریقی خطے کی تباہ کن جنگوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ روانڈا اور کانگو میں ہونے والے تنازعات کے باعث ایک کروڑ سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جو ثابت کرتا ہے کہ جنگ کبھی کسی کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔
فیفا کی جانب سے دیا گیا یہ امن انعام بین الاقوامی سفارتکاری کے تناظر میں ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






