عالمی خبریں

امریکی ایوان نمائندگان نے حکومتی شٹ ڈاؤن ختم کرنے کا بل منظور کر لیا

خلیج اردو

واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان نے سینیٹ کی منظوری کے بعد فنڈنگ بل منظور کر لیا جس سے امریکا کی تاریخ کے طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن کا خاتمہ ہو گیا۔ بل اب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دستخط کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جن کی جانب سے رات 9 بج کر 45 منٹ (مقامی وقت) پر منظوری دیے جانے کی توقع ہے، جس کے بعد وفاقی ادارے دوبارہ کام شروع کر دیں گے۔

بل کی منظوری کے بعد وفاقی محکموں کی بحالی کا عمل بتدریج شروع ہوگا، تاہم شٹ ڈاؤن کے اثرات ابھی باقی ہیں۔ فضائی سفر کے شعبے پر شدید اثرات مرتب ہوئے، ایک ہی دن میں 900 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ فوڈ اسٹیمپ جیسے امدادی پروگراموں کی تقسیم میں بھی تاخیر متوقع ہے۔

بل کے مطابق، وفاقی حکومت کو 30 جنوری تک کے لیے فنڈنگ فراہم کی جائے گی، جس کے بعد کانگریس میں دوبارہ مذاکرات ہوں گے اور آئندہ سال کے آغاز میں ایک اور مالی بحران کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن نے شٹ ڈاؤن کے خاتمے کو سراہا، جبکہ ڈیموکریٹ رہنماؤں نے بل میں صحت کی سہولیات سے متعلق شقوں کی غیرموجودگی پر تشویش ظاہر کی، تاہم انھوں نے قانون سازی کے اپنے اہداف کے تسلسل کا عزم ظاہر کیا۔

امریکا میں یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے اس شٹ ڈاؤن کے دوران دس لاکھ سے زائد وفاقی ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل سکیں، سرکاری خدمات متاثر ہوئیں اور ملک بھر میں سفر کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button