پاکستانی خبریں

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اظہار

خلیج اردو
مظفر آباد — وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام وزارت اطلاعات کی جانب سے کیا گیا جس نے میڈیا نمائندگان کو بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے جواب میں حقائق کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔

دورے کے دوران میڈیا کو ان مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت نے اپنے بیانات میں مبینہ دہشت گردی کے مراکز قرار دیا تھا۔ میڈیا نمائندگان نے زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہی اور موقع پر حالات کا خود مشاہدہ کیا، جس سے بھارتی دعوؤں کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔

وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بارہا بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں، تاہم آج ہم نے عالمی اور مقامی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ جن مقامات کو بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے، وہ دراصل عام شہریوں کی رہائشی بستیاں ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے عمل سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ امن کا داعی ہے، تاہم اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان پر الزام تراشی سے قبل اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ایل او سی پر پروپیگنڈا کرتا ہے، لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے زور دیا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ خطے میں امن کے لیے سنجیدہ ہے، تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button