
خلیج اردو — مدینہ سے مکہ جانے والے بھارتی عمرہ زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ پولیس کے مطابق بس سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے فوراً بعد بس اور ٹینکر دونوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ 42 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ پوری بس راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ حکام کے مطابق بس میں مجموعی طور پر 54 افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک مسافر زندہ بچ سکا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سعودی ریسکیو اور فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم زیادہ تر مسافر آگ اور دھوئیں کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ بھارتی حکام نے بھی متاثرہ خاندانوں سے رابطے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔







