خلیج اردو: امریکہ کے پانچویں بحری بیڑے کے کمانڈر براڈ کوپر اور یمن میں امریکی سفیر اسٹیفن فاگین نے عمان کی سرحد سے ملنے والے یمنی صوبے المہرہ کا دورہ کیا ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صنعا میں یمن کی نیشنل سالویشن حکومت اور کابینہ کے اراکین نے اس دورے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ صوبے المہرہ سمیت کسی بھی یمنی صوبے میں امریکی، برطانوی اور سعودی فوجیوں کی موجودگی کھلی جارحیت اور یمن کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے جس سے یمن میں امن کی برقراری میں کوئی مدد نہیں ملے گی بلکہ علاقائی و بین الاقوامی استحکام مزید متاثر ہو گا۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت نے غاصب و جارح ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے پروپیگنڈے سے نہیں بلکہ اپنے عملی اقدامات سے اس بات کو ثابت کریں کہ وہ یمن میں امن برقرار کرنا چاہتے ہیں اور وہ یمنی علاقوں پر قبضہ جاری رکھنا نہیں چاہتے۔
دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے صوبے حضرموت اور المہرہ میں اپنے فوجی اڈے قائم کئے ہیں