خلیج اردو : شام کے شہر حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایئرپورٹ کا رن وے تباہ ہوگیا جس کے بعد تمام خدمات کا عمل معطل کر دیا گیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (سانا) نے بتایا ہے کہ حلب کے ہوائی اڈے پر اسرائیل کے فضائی حملے سے پروازوں کی آمدورفت اور دیگر امور معطل کردیے گئے۔
شامی ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے منگل (7 مارچ) کی صبح میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا۔
ایک فوجی ماخذ کا حوالہ دیتے ہوئے سانا نے بتایا کہ اسرائیل نے لاتاکیا کے مغرب میں بحیرہ روم کی سمت سے حلب بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
شام کی جنگ میں بڑے پیمانے پر تباہی کا شکار بننے والے حلب شہر میں گذشتہ ماہ جنوبی ترکی اور شمال مغربی شام کو پہنچنے والے مہلک 7.8 شدت کے زلزلے کے سبب ایک بار پھر بہت نقصان پہنچا تھا اس کے بعد متعدد ممالک نے شہر کے ایئرپورٹ پر امداد کی ترسیل بھیجی ہے۔
اس سے قبل بھی شام کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ19 فروری کو بھی اسرائیل نے فضائی حملوں سے دمشق میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا، جس میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے تھے