خلیج اردو
کویت میں آپریشن ایپک فیوری کے دوران کویتی فضائی دفاع نے غلطی سے تین امریکی ایف پندرہ طیاروں کو نشانہ بنایا، عملے کے چھ افراد محفوظ رہے، تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی سینٹ کام نے کویت میں تین امریکی ایف پندرہ لڑاکا طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
بیان کے مطابق آپریشن ایپک فیوری کے دوران ایرانی طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملوں کے دوران کویتی فضائی دفاع نے غلطی سے امریکی طیاروں کو نشانہ بنا دیا۔
واقعے میں طیاروں کے عملے کے تمام چھ افراد نے کامیابی سے ہنگامی اخراج کیا اور محفوظ رہے۔
کویت کی وزارت دفاع نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے پانچ سو ساٹھ امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جبکہ امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو چار میزائلوں سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ سامنے آیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایرانی حملوں کے دوران متعدد امریکی اور اسرائیلی جہاز تباہ ہوتے دکھائے گئے۔
امریکی سینٹ کام نے چار امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی میزائل امریکی بحری بیڑے تک نہیں پہنچے۔






