
خلیج اردو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔ ٹرمپ نے یہ اعلان ایران پر امریکی حملے منسوخ کرنے کے ایک روز بعد کیا۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات اور ایران کی جوہری صلاحیت کی ’’ڈی نیوکلیئرائزیشن‘‘ شامل ہوگی۔
امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے ایران پر حملے اس لیے منسوخ کیے کیونکہ تہران اور مشرق وسطیٰ کے بعض رہنماؤں نے حملے نہ کرنے پر زور دیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے فوجی حکام کے حوالے سے امریکی صدر کے دعوے کی تردید کی ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق تہران نے امریکا سے حملے منسوخ کرنے کی درخواست نہیں کی اور یہ دعویٰ ’’ایک نیا جھوٹ‘‘ ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات ایسے وقت میں متوقع ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔







