
خلیج اردو
کویت کے شُوَیخ پورٹ پر حکام نے ایک بڑی کارروائی کے دوران شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ وزارت داخلہ کویت کے مطابق جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک 20 فٹ کنٹینر سے 3 ہزار 37 بوتلیں شراب برآمد کر لیں۔
یہ کنٹینر یورپی ملک سے آیا تھا اور اس میں اسٹیل کیبل ریلز ظاہر کی گئی تھیں۔ تاہم کسٹمز انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کی نشاندہی پر جنرل فائر فورس کی مدد سے ان ریلز کو کاٹ کر چیک کیا گیا تو اندر سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ کارروائی فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح کی ہدایت پر اسمگلنگ کی کوششوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت کی گئی۔
کویت کے حکام نے بتایا کہ مکمل تلاشی کے بعد اس بات کی تصدیق کی گئی کہ کنٹینر میں مزید کوئی ممنوعہ چیز موجود نہیں۔ اس کے بعد جنرل ڈپارٹمنٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کو تمام تفصیلات فراہم کی گئیں تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح کیبل ریلز کو کاٹ کر بوتلیں برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ کسٹمز ادارے نئی اسمگلنگ کی تکنیکوں کو بے نقاب کرنے اور ممنوعہ اشیا کی روک تھام کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ ساتھ ہی یہ عزم بھی ظاہر کیا گیا کہ ملک میں ممنوعہ اشیا داخل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا۔





