پاکستانی خبریں

سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کے خلاف 190 ملین پاونڈ کیس کی سماعت ملتوی

خلیج اردو
راولپنڈی:حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ کی جیلوں کو سیکیورٹی تھریٹس کی رپورٹ ، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظراحتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں آج ہونے والے سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔

ایک سو نوے ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کرنا تھی تاہم اڈیالہ جیل انتظامیہ نے حکومت پنجاب کی رپورٹ کو سامنے رکھتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کے لیے احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا ۔

سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل صوبے کی حساس ترین جیل ہے جہاں گنجائش کے برعکس 7 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں،دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث مجرم اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ سیاسی بیک گرائونڈ رکھنے والے ہائی پروفائل قیدی بھی اڈیالہ جیل میں ہیں

سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے جیلوں پر حملے کے منصوبے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس کے مطابق میانوالی، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی اور اٹک جیل کو سکیورٹی تھریٹس ہیں،اڈیالہ جیل کی سکیورٹی کیلئے فرضی مشق بھی کی گئی،جیل سے ملحقہ رہائشی علاقوں کے مکینوں کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی کی جارہی ہے

احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے جیل انتظامیہ کی استدعا منظور کرتے ہوئے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button