پاکستانی خبریں

آئی ایم ایف کے شرائط پوری کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی بڑی شرط،آئی ایم ایف شرائط پوری نہیں کریں گے اگر ہمارے ساتھ نہ بیٹھا گیا: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور

خلیج اردو
پشاور: 22 مئی، 2025
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے ساتھ مذاکرات نہ کیے گئے تو آئی ایم ایف کی مزید شرائط پوری نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنی سطح پر آئی ایم ایف کے تقاضے پورے کیے، مگر ریاست نے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈنڈے کے زور پر نظام نہیں چلایا جا سکتا، ہمیں آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی جماعت ہیں، اپنے کارکنوں کو شہید کروانا ہمارا مقصد نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ سے متعلق بانی تحریک انصاف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے اور اگر مذاکرات کرنے ہیں تو بانی تحریک انصاف اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ہماری صرف ایک ہی ڈیمانڈ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے۔ گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے، اور بانی نے جو بیان دیا ہم اسے بالکل درست سمجھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں ڈرون حملوں سے معصوم شہری شہید ہوئے، ملک میں گزشتہ 76 برس سے مافیا کا قبضہ ہے اور یہ جنگ اسی قبضے سے نجات کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں احتجاجی تحریک چلانے کی ذمہ داری سونپ دی ہے، اور وہ اس مشن کے لیے دونوں کندھے پیش کرنے کو تیار ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا کہ آنے والے دنوں میں تحریک کا ٹیمپو ایک بار پھر تیز ہوگا، اور خیبرپختونخوا عوام کی آواز بن کر میدان میں نکلے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button