پاکستانی خبریں

امریکہ میں ایک ملین ڈالر کا گھر خریدنے والے ڈاکٹر معید پیرزادہ کا معاملہ، اثاثہ جات چھپانے کا انکشاف

خلیج اردو
اسلام آباد: 22 مئی، 2025
معروف صحافی اور یوٹیوبر ڈاکٹر معید حسن پیرزادہ، جنہوں نے 30 اکتوبر 2022 کو سیکیورٹی خطرات کے باعث پاکستان چھوڑنے کا دعویٰ کیا تھا، اب ایک نئے تنازعے کی زد میں آ چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، پاکستان سے فرار کے محض دس ماہ بعد انہوں نے امریکہ کی ریاست میری لینڈ کے پوش علاقے پوٹومک میں اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر ایک پرتعیش 2 کنال کا مکان ایک اعشاریہ پانچ ملین ڈالر (1.05 ملین) میں خرید لیا۔

یہ انکشاف حیران کن اس لیے ہے کہ جس وقت ڈاکٹر معید پیرزادہ پاکستان میں گرفتاری کے خطرات کا حوالہ دے رہے تھے، اسی دوران وہ امریکہ میں ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر مالیت کے گھر کی خریداری کے مراحل طے کر رہے تھے۔ مذکورہ گھر میں چار بیڈرومز، دو اعشاریہ پانچ باتھ رومز، ایک پرائیویٹ آفس، الگ فیملی اور لیونگ رومز، اور دو کار گیراج موجود ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق، یہ گھر جولائی 2023 میں لسٹ ہوا اور 15 اگست 2023 کو معید پیرزادہ اور ان کی اہلیہ نجمہ ناہید پیرزادہ کے نام منتقل ہوا۔

ڈاکٹر معید پیرزادہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ پراپرٹی برطانیہ میں موجود اپنے پرانے خاندانی گھر کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے خریدی۔ تاہم، یوکے لینڈ رجسٹری کے مطابق وہ برطانوی جائیداد ان کی اہلیہ نے 13 اکتوبر 2006 کو £420,000 میں خریدی تھی، اور اسے 13 اپریل 2023 کو £885,000 میں فروخت کیا گیا۔

پاکستان میں دستیاب سرکاری ریکارڈز سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ جائیداد پاکستان کے ٹیکس حکام کو کبھی ظاہر نہیں کی گئی، حالانکہ معید پیرزادہ اور ان کی اہلیہ دونوں 1997 سے پاکستانی ٹیکس دہندگان کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ معید پیرزادہ کی اہلیہ نے 2022 تک نہ تو ٹیکس گوشوارے جمع کروائے اور نہ ہی کوئی ٹیکس ادا کیا۔ یوں یہ معاملہ پاکستانی ٹیکس قوانین کی روشنی میں اثاثے چھپانے کے زمرے میں آتا ہے۔

دستاویزی شواہد کے مطابق، امریکہ میں خریدی گئی جائیداد کی قیمت $1,055,000 تھی، جس کے لیے پیرزادہ اور ان کی اہلیہ نے موومنٹ مورگیج ایل ایل سی سے 6.78 فیصد سود پر $550,000 کا قرض لیا۔ جبکہ بقیہ $505,000 کی رقم بطور ڈاؤن پیمنٹ ادا کی گئی، جس پر ان کا مؤقف ہے کہ یہ رقم برطانیہ کی جائیداد کی فروخت سے حاصل کی گئی تھی۔

اس دوران مارچ 2023 میں ڈاکٹر معید پیرزادہ نے ریاست میری لینڈ میں "ایم این پی ملٹی میڈیا ایل ایل سی” کے نام سے ایک کمپنی رجسٹر کرائی، جس کا پتہ بعد ازاں اس نئی امریکی جائیداد پر منتقل کر دیا گیا۔ تاہم، کمپنی نے تاحال کوئی سالانہ مالیاتی رپورٹ فائل نہیں کی۔

اس معاملے پر سوالات کی ایک فہرست ڈاکٹر معید پیرزادہ کو بھیجی گئی، جس کا انہوں نے باقاعدہ جواب دینے کے بجائے صرف ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ "ہم نے برطانیہ میں اپنی پرانی خاندانی جائیداد فروخت کی اور تمام رقم قانونی بینکاری ذرائع سے امریکہ منتقل کی۔”

اس تمام تر صورتحال نے ڈاکٹر معید پیرزادہ اور ان کی اہلیہ کی مالی شفافیت، اثاثہ جات کی درست معلومات فراہم نہ کرنے، اور پاکستانی ٹیکس قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں سے متعلق کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
Source: The News

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button