
خلیج اردو
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اپنے دفاع اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے واضح مؤقف ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پاکستان نے ایران کے معاملے کا سفارتی حل نکالنے کی کوشش کی اور سلامتی کونسل میں اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور سعودی عرب یا ایران کو جواز بنا کر غیر ذمہ دارانہ تبصرے نہ کیے جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر ایسا بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ریاست کی پالیسی کو متاثر کر سکتا ہے، یہ خارجہ پالیسی حکومت کا کام ہے اور اگر ریڈ لائن کراس ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ زیادہ ویوز لینے کے چکر میں بیانیہ سازی کی بھیڑ چال چل رہی ہے، مسلم ممالک یہ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ ریاست کی پالیسی ہے، لہذا خارجہ پالیسی کو مقامی سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی قیادت خطے میں سفارتی توازن برقرار رکھنے اور اپنے مؤقف کو تحفظ دینے پر زور دے رہی ہے۔






