
خلیج اردو
اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اپنے دور کے فرعون تھے۔ اپنی پوری سیاسی زندگی میں ان سے بڑے فرعون نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بانی پی ٹی آئی تھے، طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے، جبکہ دوسرا فیض حمید تھا، جس نے اپنے عہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی۔ بانی نے بطور وزیراعظم لوگوں کو جیلوں میں بھجوایا، نفرت اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، اور پی ٹی آئی دور میں خاص طور پر مریم نواز اور فریال تالپور کو نشانہ بنایا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید آج اپنی زندگی میں کیے گئے جرائم کا جواب دے رہے ہیں اور دونوں مکافاتِ عمل سے گزر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ان دونوں کو اب توبہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید کو 14 سال قید کی سزا ایک تاریخی فیصلہ ہے اور یہ سزا آنے والے وقتوں کے لیے بڑا پیغام ہے کہ کوئی ایسی غلطیوں کا دوبارہ ارتکاب نہ کرے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ابھی باقی ہیں۔






