پاکستانی خبریں

بلاول بھٹو کا پاکستان اور بھارت کی مشترکہ خوشحالی پر زور، دہشت گردی اور ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اتحاد کی اپیل

خلیج اردو
اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر مستقبل کے لیے جرات مندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک کی نئی نسلیں جنگی جنون کو ترک کر کے مشترکہ خوشحالی اور ترقی کا راستہ چنیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن صرف پاکستان کی نہیں بلکہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی، ماحولیاتی تبدیلی، اور معاشی عدم مساوات جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور بھارت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پاکستان کسی دہشت گرد گروہ کی حمایت نہیں کرتا اور دنیا کے کسی بھی کونے میں دہشتگردی کی حمایت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور وہ ذاتی طور پر بھی اس درد سے واقف ہیں۔ انہوں نے پہلگام واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مستقبل ماضی کے تنازعات سے نہیں بلکہ پرامن بقائے باہمی، تعاون اور معاشی ترقی سے طے ہوگا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے ذریعے اپنے مؤقف کو دنیا کے سامنے رکھنے سے انہیں کوئی خوف نہیں اور پاکستان کا مؤقف پرامن، حقیقت پر مبنی اور واضح ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ فیٹف نے مکمل چھان بین کے بعد پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت اقدامات اور عزم کا ثبوت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button