
خلیج اردو
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی 19 سالہ خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا۔ ملزمہ خضدار کی تحصیل زہری سے تعلق رکھتی ہے اور جولائی 2025 میں بی ایل اے میں شامل ہوئی تھی۔ تحقیقات کے مطابق، ملزمہ بی ایل اے کمانڈر سلیم جان عرف دل جان اور بی وائی سی سے رابطے میں تھی، جبکہ سابق ٹی ٹی پی کارندہ ٹی ٹی پی ابراہیم عرف قاضی کے لیے بھی سہولت کاری کرتی رہی۔
ملزمہ نے اعتراف کیا کہ اسے خودکش مشن کے لیے تیار کیا گیا تھا اور اس نے خواتین کو خبردار کیا کہ کسی غلط سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلوچستان کی غیرت مند قوم کو یہ سوچنا ہوگا کہ افغان دہشتگردوں نے انہیں لاحاصل جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں اور بلوچ عوام حکومت کو حساس معلومات فراہم کر کے بلوچستان کو محفوظ بنانے میں مدد کر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان کے لوگ اب دہشتگردی کو قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے بشیر زیب اینڈ کمپنی اور بی ایل اے کی جانب سے خواتین کے احترام کو نقصان پہنچانے پر سخت تنقید بھی کی۔






