پاکستانی خبریں

طوفانی بارشیں انسانی جانیں نگل گئیں، راولپنڈی میں باپ بیٹی سیلابی ریلے کی نذر، کرنل (ر) اسحاق قاضی کی لاش مل گئی

خلیج اردو
راولپنڈی: مون سون کی طوفانی بارشوں نے راولپنڈی میں قیمتی انسانی جانیں نگل لیں۔ ڈی ایچ اے فیز 5 میں تین روز قبل سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی کی لاش دریائے سواں سے مل گئی جبکہ ان کی بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی اور ان کی بیٹی سیلابی ریلے میں اس وقت بہہ گئے جب ان کی گاڑی شدید بارش کے باعث پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے مسلسل تین دن کے سرچ آپریشن کے بعد دریائے سواں سے کرنل ریٹائرڈ اسحاق قاضی کی لاش نکال لی، تاہم ان کی بیٹی کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے اور اب یہ کہوٹہ اور گوجر خان تک پھیلایا جا چکا ہے۔ سواں پل سے گورگھ پور تک کشتیوں کے ذریعے بھی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی گاڑی کے دروازے اور بونٹ کو سواں پل کے نیچے سے برآمد کر لیا تھا۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جب کہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور ندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button