
خلیج اردو
اسلام آباد: سینیٹ کے اجلاس میں بلوچستان میں جرگہ کے حکم پر مرد اور خاتون کے سرعام قتل کے واقعے پر اتفاق رائے سے مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی۔ سینیٹر شیری رحمان نے قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مرد و خاتون کو غیر قانونی طور پر جرگہ کے حکم پر قتل کیا گیا، جو آئین اور ملکی قوانین کے سراسر خلاف ہے۔ قرارداد میں اس امر پر زور دیا گیا کہ اس واقعے کو کسی علاقائی، قبائلی، ثقافتی یا غیرت کے لبادے میں معاف نہیں کیا جا سکتا۔
ایوان نے مطالبہ کیا کہ اس قتل کو جواز فراہم کرنے والی تمام سوچ کو مسترد کیا جائے اور ریاست ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔






