خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستان میں دائیں بازو کی پارٹی جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وہ پچیس کروڑ عوام کا حق لئے بغیر دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
وہ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کررہے تھے جو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں دو دنوں سے بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف جاری ہے۔،امیرجماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ اتوار کی شام راولپنڈی کے مری روڈ پر ان کی جماعت عوامی جلسہ کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتاہے کہ ہم چار دن بیٹھ کر واپس چلے جائینگے تو وہ خام خیالی میں نہ رہے،عوام نے ہم سے امیدیں وابستہ کرلیں ،ہم عوام کا حق لئے بغیر نہیں جائیں گے،یہ دھرنا تاریخی انقلاب کی طرف بھی بڑھ سکتا ہے ،ہمارےکوئی ذاتی مقاصد نہیں۔
مسٹر نعیم نے کہا کہ ہم آئی پی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں،شریف فیملی کا پلانٹ گنےکی پھوک پر چلتا ہے لیکن اسے امپورٹ کوئلے پر ظاہر کرکے اربوں روپے کا دھندہ کرلیا گیا،بہت عیاشیاں کر لیں، بیورو کریسی اور اشرافیہ نے مزے لے لئے اب حساب ہو گا ،پہلی بار صنعت کار اپنے بجلی کے بلوں کی قسطیں بنوارہے ہیں۔
حافظ نعیم نے اپنے 200سے زائد کارکنوں کی رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کارکن رہا نہ ہوئے تو دھرنے کارخ کسی بھی طرف جاسکتاہے،فسطائیت اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے،ہم چاہیں تو ہمارے لئے ڈی چوک پہنچنا کوئی مسئلہ نہیں، ہم یہاں بیٹھ کر اپنی قوم اور نوجوان سے بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سنجیدگی سے بجلی کے بلوں کو کم نہیں کیا گیا تو دھرنا آگے بڑھے گا۔