پاکستانی خبریں

عمران خان کو اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور جیل میں قید ہیں، پھر پولی گراف ٹیسٹ سے انکار کر دیا، عظمیٰ بخاری کا شدید ردعمل

عمران خان نے پھر پولی گراف ٹیسٹ سے انکار کر دیا، عظمیٰ بخاری کا شدید ردعمل

خلیج اردو
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حسب روایت تیسری مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تین دن سے جیل میں موجود پولی گرافک ٹیسٹ کرنے والی ٹیم سے مسلسل چھپ رہے ہیں، کبھی سو رہے ہوتے ہیں، کبھی کھانا کھا رہے ہوتے ہیں اور کبھی کہتے ہیں کہ ان کے وکیل موجود نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اب بھی یقین نہیں ہو رہا کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور جیل میں قید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ بنی گالہ نہیں بلکہ اڈیالہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس عدالتی حکم پر ٹیسٹ کے لیے پہنچی، لیکن نو مئی کا "معصوم مائنڈ” مسلسل راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نو مئی کے ماسٹر مائنڈ ہیں اور اپنے جھوٹ کے بے نقاب ہونے کے خوف سے ٹیسٹ سے بچ رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں اور پارٹی قیادت روزانہ عدالتی احکامات کی بات کرتی ہیں لیکن جب خود ان پر عمل کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ تیار نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ریاست کے خلاف ایک سازش اور بغاوت تھی، اور اس دن کے تمام کرداروں اور سہولت کاروں کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button