
خلیج اردو
راولپنڈی — بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاکہ نو مئی کے واقعات کے حوالے سے عمران خان کا پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کیا جا سکے، تاہم تیسری مرتبہ بھی عمران خان نے انکار کر دیا۔
تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم، انسپکٹر محمد ارحم اور پنجاب فرانزک یونٹ کے ماہر عابد ایوب شامل تھے۔ ٹیم نے لاہور میں درج 9 مئی کے 11 مقدمات کے سلسلے میں تفتیش کرنا تھی، جس کیلئے پولی گراف ٹیسٹ کو اہم قرار دیا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی ٹیم گزشتہ تین دنوں سے عمران خان کا پولی گراف اور دیگر فرانزک ٹیسٹ کرنے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم ہر بار بانی پی ٹی آئی نے قانونی اور ذاتی وجوہات کے تحت انکار کیا ہے۔
پولیس ٹیم عمران خان کے انکار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی ہے، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر غور جاری ہے۔






