
خلیج اردو
پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیم کے شعبے میں ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت بچوں کو مفت سکول بیگز فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیم کے میدان میں دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے سرکاری سکولوں کے طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ غریب والدین پر معاشی بوجھ کم کرنے اور داخلہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیرنٹ ٹیچر کونسل کا سالانہ فنڈ 5 ارب سے بڑھا کر 7 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد غریب والدین کو تعلیم کے اخراجات میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اس منصوبے کو عملی طور پر فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور مریم نواز سے درخواست کی ہے کہ وہ علی امین گنڈاپور کے اس منصوبے کو پنجاب میں بھی کاپی کریں تاکہ وہاں کے بچے بھی خوشحال اور تعلیم یافتہ ہوں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کے بچے بھی تعلیم میں کامیاب ہوں اور ٹک ٹاک ویڈیوز کے بجائے حقیقی اصلاحی ایجنڈے پر کام کریں۔