
خلیج اردو
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے لازمی ویکسینیشن سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزارت کے مطابق سعودی عرب روانگی سے قبل ہر عازم کے لیے گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ ویکسینیں نزدیکی حاجی کیمپ سے مفت دستیاب ہوں گی اور ویکسینیشن کے بعد پیلا کارڈ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی عازم کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین کو اپنا پرانا کرونا ویکسین کارڈ ہمراہ رکھنا ہوگا۔ اگر کارڈ موجود نہ ہو تو وہ نزدیکی حاجی کیمپ سے دوبارہ کرونا ویکسین لگوا کر نیا کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ وزارت نے تمام عازمین کو تاکید کی ہے کہ بروقت ویکسینیشن مکمل کر کے سفری تقاضے پورے کریں تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔