
خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم نے رمضان المبارک میں عوام کے استحصال کو روکنے کے لیے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے چینی کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے ذریعے قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانے کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے اور اس کی رسد و کھپت پر سخت نظر رکھی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم سے کاروباری برادری کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا اور حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ برآمدی سہولت اسکیم کے حوالے سے قائم کمیٹی جلد اپنی تجاویز پیش کرے گی۔