پاکستانی خبریں

اداکارہ عائشہ خان اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں، پولیس نے موت کی تصدیق کر دی

خلیج اردو
کراچی – گلشن اقبال کراچی میں واقع ایک رہائشی فلیٹ سے ملنے والی لاش کی شناخت ماضی کی معروف سینیئر اداکارہ عائشہ خان کے طور پر کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، ان کی لاش کم از کم ایک ہفتہ پرانی ہے اور خاتون اپنے فلیٹ میں تنہا رہ رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق گلشن اقبال کے بلاک 7 میں واقع ان کے فلیٹ سے بدبو پھیلنے پر علاقہ مکینوں نے ان کے رشتہ داروں کو مطلع کیا، جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا گیا تو اندر سے عائشہ خان کی لاش ملی، جو ایک بڑی پلاسٹک کی تھیلی میں لپٹی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق لاش سے کسی قسم کے قیمتی سامان کی چوری کا تاثر نہیں ملا تاہم پلاسٹک میں لپیٹی لاش ایک غیر معمولی پہلو ہے، جس کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

عائشہ خان کی لاش کو جناح اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرد خانے میں اب ان کے وارثوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

1948 میں کراچی میں پیدا ہونے والی عائشہ خان، پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتی تھیں۔ وہ معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔ طویل عرصے تک پی ٹی وی کے کلاسک ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتی رہیں۔

عائشہ خان نے افشاں، عروسہ، فیملی 93، مہندی، نقاب زن، بھروسا پیار تیرا اور بساط دل جیسے مشہور ڈراموں میں یادگار کردار نبھائے۔ ان کا انداز، مکالمہ اور اسکرین پر موجودگی انہیں مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھے گی۔

محلے داروں کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھیں اور مکمل طور پر تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔

اداکارہ کی تنہائی، بیماری اور اب اس دردناک انجام نے شوبز حلقوں اور ان کے چاہنے والوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے انتقال نے فنکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق اداروں اور حکومتی سطح پر نظر ثانی کی ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button