
خلیج اردو
کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں بہتر حکمت عملی اپنا کر ہم سیلاب سے بچ گئے، جبکہ پنجاب میں ناتجربہ کاری کے باعث زیادہ تباہی ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بنے تو یہ بات ثابت ہو جائے گی کہ پنجاب میں زیادہ نقصان منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو نقصان پہنچا کر گندم امپورٹ کی جا رہی ہے جبکہ سندھ میں اب بھی 12 لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ عظمیٰ بخاری کو کوئی جواب دینا نہیں چاہتا۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وفاق کو خود کو عقلِ کل نہیں سمجھنا چاہیے۔ ہم حکومت کے اتحادی نہیں لیکن حکومت کو سپورٹ کرتے ہیں۔
سندھ حکومت کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے خواتین کو پنک سکوٹی دی جائے گی، ڈبل ڈیکر بسیں بھی جلد کراچی پہنچ جائیں گی، جبکہ ای وی بسیں اور لال بسیں اب پاکستان میں تیار ہوں گی۔
انہوں نے بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر جاری کاموں کا معائنہ بھی کیا۔






