
خلیج اردو
دبئی: بیروزگار افراد کے لیے خوشخبری! سندھ حکومت نے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جاب پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس پورٹل پر سرکاری کے ساتھ ساتھ نجی اداروں میں ملازمت کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس پورٹل پر صرف صوبہ سندھ کے نوجوان رجسٹرڈ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سے چار گریڈ کی ملازمتوں کے اشتہارات بھی اس پورٹل پر دیے جائیں گے جبکہ پانچ سے پندرہ گریڈ کی نوکریاں آئی بی اے کے ذریعے ہوں گی، اور نوکریاں شفاف طریقے سے دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عارضی ملازمتوں کو بھی اس نظام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے عوام کی مزید خدمت کریں۔
تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملک میں 65 فیصد نوجوان آبادی ہے اور اس پورٹل کے ذریعے نہ صرف سرکاری بلکہ نجی ادارے بھی روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔