
خلیج اردو
اسلام آباد:چینی کی امپورٹ پر سیلز ٹیکس میں حیران کن کمی کا معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں اٹھا لیا گیا ہے۔ کمیٹی نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں ایف بی آر اور وزارتِ تجارت کے اعلیٰ حکام کو طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ چینی کی درآمد پر سیلز ٹیکس کو 18 فیصد سے کم کرکے صرف 0.25 فیصد کر دینا صاف ظاہر کرتا ہے کہ کسی خاص گروہ کو فائدہ پہنچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
کمیٹی کے رکن ثنااللہ مستی خیل نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن دیہاڑے ڈاکہ ہے، ظلم ہے، زیادتی ہے اور ناانصافی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مافیا سرعام پل رہا ہے اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
کمیٹی نے اس فیصلے کے پس منظر، اس سے فائدہ اٹھانے والے افراد یا کمپنیوں، اور قومی خزانے کو ہونے والے ممکنہ نقصان کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔
کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے بعد حکومت کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔






