پاکستانی خبریں

سانحہ سوات: محکمہ سیاحت کی غفلت، انکوائری رپورٹ میں اہم انکشافات

خلیج اردو
سوات:سانحہ سوات سے متعلق انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں محکمہ سیاحت اور کلچر و ٹورازم اتھارٹی کی سنگین غفلت اور کوتاہیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سانحے کے روز سیاحتی مقام پر محکمہ سیاحت کا کوئی اہلکار موجود ہی نہیں تھا، حالانکہ یہ ان کی قانونی ذمہ داری تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کلچر و ٹورازم اتھارٹی ہوٹل لائسنسنگ اور رجسٹریشن میں مکمل طور پر ناکام رہی، حتیٰ کہ فضاگھٹ جیسے معروف مقام پر بھی ٹورازم پولیس کی کوئی موجودگی نہیں تھی۔ سیاحوں کے لیے مختص ہیلپ لائن بھی غیرفعال پائی گئی۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق ٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں کے تحفظ کے بجائے ایونٹ مینیجمنٹ کو ترجیح دی، جو کہ سنگین غفلت کا مظہر ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جس ہوٹل میں متاثرہ سیاح ٹھہرے تھے وہ بغیر این او سی کے دریا کے کنارے قائم کیا گیا تھا۔ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا وارننگ بورڈ نصب نہیں کیا گیا تھا، اور نہ ہی سیلابی صورتحال کے باوجود سیاحوں کو دریا کے قریب جانے سے روکا گیا۔

رپورٹ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہوٹل انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button