
خلیج اردو
دبئی میں جاری ٹورنامنٹ کے دوران بھارت کے کم عمر بیٹنگ اسٹار وایبھو سوریہ ونشی نے نہ صرف بھارتی شائقین کو حیران کیا ہے بلکہ حریف ٹیمیں بھی ان کے بے خوف کھیل کی معترف دکھائی دیتی ہیں۔ 14 سالہ نوجوان بیٹر کی زبردست ہٹنگ دیکھ کر عمان کے کھلاڑی آریان بشٹ اور سمایہ شریواستو نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اب تک اس بات پر حیران ہیں کہ اتنی کم عمر میں وہ کس طرح گیند کو باآسانی باؤنڈری سے باہر بھیج دیتے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ پہلی بار ان کے خلاف کھیلنے پر خوش اور پُرجوش ہیں۔
وایبھو اس پورے ایونٹ میں غیر معمولی فارم میں ہیں۔ انہوں نے ابتدا میں یو اے ای کے خلاف 144 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی، اس کے بعد پاکستان شاہینز کے خلاف ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 45 رنز بنائے۔ بھارت اے کی ٹیم نے اگرچہ ایونٹ کا آغاز کامیابی سے کیا لیکن بعد میں پاکستان کے ہاتھوں بھاری شکست ہوئی، تاہم سوریہ ونشی کی بے خوف بیٹنگ اب بھی ٹورنامنٹ کی خاص بات بنی ہوئی ہے۔
آریان بشٹ نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس بات پر ششدر رہ گئے کہ چودہ سالہ لڑکا اتنی طاقت کے ساتھ گیند کو باؤنڈری کے پار کیسے پہنچا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے انہیں ٹی وی پر دیکھتے آ رہے ہیں اور اب ان سے بالمشافہ ملاقات کا انتظار ہے۔
وایبھو اس سال آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے صرف اپنے تیسرے میچ میں لیگ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تھے، جس کے بعد وہ قومی سطح پر ایک بڑا نام بن گئے۔
ان کے ساتھی سمایہ شریواستو نے بھی بے حد تعریف کی اور کہا کہ وہ ان کے ذہنی انداز کو سمجھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ ان کے مطابق چودہ سال کی عمر میں اس طرح کے چھکے لگانا غیر معمولی صلاحیت ہے اور وہ ان سے مل کر ان کے کھیل کے انداز اور سوچ سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ سے قبل بھی سوریہ ونشی انگلینڈ اور آسٹریلیا میں بھارت انڈر 19 ٹیم کے ساتھ شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں، جس میں انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف تیز ترین یوتھ ون ڈے سنچری بھی شامل ہے۔ حال ہی میں انہیں بہار رنجی ٹرافی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، جو صرف 14 سال کی عمر میں ان کی تیزرفتار کامیابی کا بھرپور ثبوت ہے۔





