
خلیج اردو
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ کے آفیشل لوگو کا استعمال کرکے عوام کو گمراہ کرنے والے جعلی پیغامات کے حوالے سے سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ایسے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں کو پالیسی خلاف ورزی کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔
ان مشکوک پیغامات میں صارفین کو اکاؤنٹ بند ہونے کی جھوٹی تنبیہ دے کر سیکیورٹی تصدیق کے نام پر مشتبہ لنکس پر کلک کرنے کا کہا جاتا ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ پیغامات مقامی اور بین الاقوامی نمبروں سے بھیجے جا رہے ہیں، جو کہ صارفین کے لیے شدید خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے اس نوعیت کے پیغامات ہرگز نہیں بھیجے جاتے اور ایسے پیغامات پر ہرگز اعتبار نہ کیا جائے۔ مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے صارفین کا ذاتی ڈیٹا چوری ہونے اور اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
پی ٹی اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک پیغام یا لنک سے گریز کریں، اور سائبر سیکیورٹی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی آن لائن حفاظت کو یقینی بنائیں۔







