خلیج اردو آن لائن:
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے دنیا بھر میں کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔ لوگوں کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ بہت سارے آجر یا کمپنیاں اپنے ملازمین کا خیال بھی رکھ رہیں ہیں۔ لیکن اگر آپ کو آپ کی کمپنی نے کچھ ماہ سے بغیر تنخواہ دیے چھٹی پر بھیج رکھا تو آپ کیا کر سکتے ہیں۔
ایسا ہی ایک سوال گلف نیوز کے ایک قاری نے گلف نیوز سے پوچھا تھا جس کے جواب کے لیے ماہر قانون اور مشیر ڈاکٹر حسن الہیس کے سامنے رکھا تو ڈاکٹر الہیس کا جواب درج ذیل تھا:
ڈاکٹر الہیس نے ہیومن ریسورس کی وزارت کی وزارتی قرارداد نمبر 279/2020 کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ اس قرار داد میں آجر اور ملازم کے حقوق کو کس طرح سے تحفظ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر الہیس کے مطابق اس قرارداد کے آرٹیکل 1 کے تحت وزارت کے ساتھ رجسٹر تمام کمپنیاں اس قرارد کے مندرجات پر عمل کرنے کی پابند ہیں۔
اسی طرح سے اس قرارداد کے آرٹیکل 2 کے تحت کمپنیاں ملازم کی رضامندی کے ساتھ اس ترتیب سے کاروائی کر سکتی ہے:
1۔ سب سے پہلےگھر سےکام کرنے کے عمل کو نافذ کیا جائے گا
2۔ دوسرے مرحلے میں تنخواہ کے ساتھ چھٹی پر بھیجا جائے گا
3۔ تیسرے مرحلے میں بغیر تنخواہ کے چھٹی پر بھیجا جائے گا
4۔ چوتھے مرحلے عارضی طور پر تنخواہوں میں کمی کی جا سکتی ہے
5۔ پانچویں مرحلے میں مستقل طور پر تنخواہوں میں کمی کی جا سکتی ہے
ڈاکٹر الہیس کا مزید کہنا تھا "اگر آپ کی کمپنی اوپر دیئے گئے آرٹیکل 2 کے تحت تنخواہ میں عارضی کمی کرنا چاہتی ہے تو کمپنی کو درج بالا قرارداد کے آرٹیکل 5 کی تعمیل کرنی ہوگی۔ جس میں کہا گیا کہ کمپنی اور آجر کے ایک دوسرے کے مابین مزدوری کے معاہدے پر عارضی اضافی ضمیمہ طے کرنے کی ضرورت ہے۔ ضمیمہ میں تنخواہ میں عارضی کمی کا دورانیہ درج ہو جو دونوں فریقین کی منظوری سے رینیو کروایا جا سکے۔
تنخواہ میں مستقل کمی کے حوالے سے قوانین سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر الہیس نے بتایا کہ ” درج بالا وزارتی قرارداد کے آرٹیکل 6 کے مطابق اگر ملازم اور آجر دونوں تنخواہ میں کمی پر رضامند ہیں تو کمپنی کو وزارت ہیومن ریسورس کے پاس ملازمت کے کنٹریکٹ میں ترمیم کے لیے درخواست دینا ہوگی”۔
لہذا ڈاکٹر الہیس کے مطابق یو اے ای کے لیبر لاء اور درج بالا قرار داد کی روح سے کسی بھی ملازم کو اس کی رضامندی کے بغیر تنخواہ کے بغیر چھٹی پر بھیجنا آجر کی جانب سے ایک صوابدیدی (یا جسکی قانونی حیثیت نہ ہو) فیصلہ ہے۔
ڈاکٹر الہیس کا مزید کہنا تھا کہ "اس لیے ملازم وزارت ہیومن ریسورس کے پاس شکایت درج کروانے کا حق رکھتا ہے اور اپنے واجبات کی ادائیگی کے لیے متعلقہ مجاز عدالت سے روج کر سکتا ہے”۔
وزارت ہیومن ریسورس کے پاس شکایت درج کروانے کے لیے نیچے دیئے گئے طریقوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں:
1۔ وزارت کی ہاٹ لائن نمبر 80060 پر رابطہ کریں
2۔ موہری ایپ ڈاؤنلوڈ کریں اور لیبر کمپلینٹ درج کریں
3۔ یا ویب سائٹ www.mohre.gov.ae پر جائیں اور لیبر کمپلینٹ کے لیے آپشن کا انتخاب کریں
Source: Gulf News







