Transport

دبئی کے ایک اور علاقے میں پبلک پارکنگ اپ ڈیٹ نافذ

خلیج اردو

دبئی کی سب سے بڑی پبلک پارکنگ آپریٹر پارکن پی جے ایس سی نے شہر بھر میں اپنی توسیعی حکمتِ عملی کے تحت وسل گرین پارک کمیونٹی میں نئی ادا شدہ پبلک پارکنگ زونز متعارف کرا دی ہیں۔

پارکن کے اعلامیے کے مطابق اس علاقے میں زون کوڈ 614W کے تحت پبلک پارکنگ فیس نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ مخصوص پارکنگ مقامات کی نشاندہی کے لیے واضح سائن بورڈز بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔

اس زون میں پارکنگ فیس ایک گھنٹے کے لیے 4 درہم، دو گھنٹے کے لیے 8 درہم، تین گھنٹے کے لیے 12 درہم اور چار گھنٹے کے لیے 16 درہم مقرر کی گئی ہے۔

پارکنگ سبسکرپشن کے آپشنز میں تین ماہ کے لیے 900 درہم، چھ ماہ کے لیے 1,800 درہم اور ایک سال کے لیے 3,600 درہم کی فیس شامل ہے۔ ادا شدہ پارکنگ روزانہ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک مؤثر رہے گی۔

وسل گرین پارک میں یہ اقدام دبئی بھر میں پبلک پارکنگ کے نظم و نسق کو مؤثر بنانے اور رہائشی، تجارتی اور مخلوط استعمال کے علاقوں کو کور کرنے کی پارکن کی وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے۔

حالیہ مہینوں میں پارکن نے امارت کے مختلف علاقوں میں نئی ادا شدہ پارکنگ زونز متعارف کرائے ہیں۔ اگست میں الجداف میں آن اسٹریٹ پارکنگ کے لیے زون 326C اور آف اسٹریٹ پارکنگ کے لیے زون 326D نافذ کیا گیا، جہاں رش اور غیر رش کے اوقات میں مختلف نرخ لاگو کیے گئے۔

اسی ماہ 59 مساجد کے اطراف 2,100 پارکنگ مقامات کو بھی پارکن کے انتظام میں شامل کیا گیا، جہاں نماز کے اوقات میں ایک گھنٹہ مفت پارکنگ جبکہ دیگر اوقات میں ادا شدہ پارکنگ نافذ ہے۔

نومبر میں دبئی اسپورٹس سٹی میں کوڈ S اور دبئی انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی میں کوڈ F کے تحت نئی پارکنگ زونز متعارف کرائی گئیں۔

اس کے علاوہ حال ہی میں پارکن نے دبئی کے پبلک پارکنگ سبسکرپشن نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے 15 نئی اور اپ ڈیٹ کی گئی سبسکرپشن کیٹیگریز متعارف کرائیں، جن کا مقصد شہریوں اور زائرین کو شہر کے اہم علاقوں میں زیادہ لچکدار اور قابلِ رسائی پارکنگ سہولت فراہم کرنا ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button