خلیج اردو: متحدہ عرب امارت میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے گرد پانچ عمارتوں کو چھوتا ہوا سرکل بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
دبئی کی آرکیٹیکچر فرم کے مجوزہ ڈیزائن کو ’ڈاؤن ٹاؤن سرکل‘ کا نام دیا گيا ہے جو 500 میٹر اونچا اور تین کلو میٹر طویل ہوگا اور اسکا ڈیزائن برج خلیفہ کی لمبی عمارت کے گرد انگوٹھی کے جیسا ہوگا، اس سرکل میں وادیاں، ٹیلے، پودے، درخت، غار، پھول، گرین بیلٹ ،آبشاریں بنانے کا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔
تعمیراتی ماہرین کے تجویز کردہ منصوبے اور ڈیزائن کے تحت برج خلیفہ کے گرد گول دائرے کی شکل میں 3 کلومیٹر سرکم فرینس والا یہ اسٹرکچر پانچ بڑے کھمبوں کی مدد سے بنایا جائے گا جس سے شہر کی اسکائی لائن کا نقشہ ہی بدل جائے گا۔
ڈاؤن ٹاؤن سرکل نامی اس ڈیزائن کے ذریعے پانچ دیوقامت ستونوں کی مدد سے 500 میٹر اونچی ایک ایسی گول رنگ تعمیر کرنے کا ڈیزائن بنایا گیا ہے جو دبئی شہر کے پورے ڈاؤن ٹاؤن کو اپنے حصار میں لے لے گی۔
دبئی کی آرکیٹیکٹ فرم زنیرا اسپیس سے منسلک آرکیٹیکٹ نجمس چوہدری اور نیلس ریمیس کا تیار کردہ یہ ڈیزائن دبئی ڈاؤن ٹاؤن اور برج خلیفہ کو ایک نئی اور دلفریب کشش سے مزین کر دے گا۔
گول رِنگ کا ڈیزائن بنانے والے آرکیٹیکٹ نجمس چوہدری کا کہنا تھا کہ اس منصوبہ کیلئے بہت زیادہ افرادی قوت اور وسائل درکار ہو سکتے ہیں اور اس طرح کے منصوبوں کیلئے بہت ہی زیادہ کنسٹرکشن ٹائم اور انجنیئرنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیزائن میں بڑی رنگ، پانچ دیو قامت ستونوں کی مدد سے تعمیر کی جائے گی لیکن یہ ستون خود بھی دو گول رنگز کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہونگے جسے گرین بیلٹ بنایا جائے گا اور اسے سکائی پارک کا نام دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکائی پارک میں مختلف فطری مناظر، موسم اور آب و ہوا بنائی جائیں گی تاکہ اس رنگ کے رہائشی اور سیاح ماحولیات کو محسوس کر تے ہوئے حقیقی تجربہ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیزائن کے مطابق گرین بیلٹ گھومنے والے لوگ پہاڑی وادیاں، صحرا، مختلف قسم کے درخت، پھول اور پودے، دلدل، آبشاروں، ڈجیٹل غار، پھلوں و پھولوں سے لدے درخت اور مختلف اقسام کے جانداروں کو دیکھ اور محسوس کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایہ کہ مذکورہ ڈیزائن دراصل دو سال پہلے دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ ڈیزائن کے ایک مقابلے میں شرکت کیلئے بنایا گیا تھا تاہم اب ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہمارا ڈیزائن شارٹ لسٹ ہو گیا ہے۔