متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بانیٔ امارات شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی، خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سات جنوری کو ’’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘‘ منانے کا اعلان کر دیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بانیٔ امارات شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی، خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سات جنوری کو ’’زاید دی فاؤنڈر ڈے‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دن ہر سال منایا جائے گا اور اس کا مقصد ملک کے بانی کی قیادت، وژن، سخاوت اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں کو اجاگر کرنا ہے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ شیخ زاید نے متحدہ عرب امارات کے اتحاد کے قیام کی کوششوں کی قیادت کی، اس کی بنیادیں رکھیں اور ملک کی ترقی کو پروان چڑھایا۔ ان کی زندگی اور ورثے کی نمایاں خصوصیات دوراندیشی، سخاوت اور انسانیت کی خدمت تھیں۔

شیخ زاید بن سلطان النہیان متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر اور بانی تھے۔ انہیں صبر، حکمت اور دوراندیشی کے باعث ’’عربوں کا دانا‘‘ بھی کہا جاتا تھا۔ نئے دن کو سالانہ تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے ایسی سرگرمیوں اور پروگراموں کے آغاز کے طور پر منایا جائے گا جو پورے سال جاری رہیں گے اور شہریوں، اداروں اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو شیخ زاید کی زندگی اور خدمات سے روشناس کرائیں گے۔

اس اقدام کی ایک اہم ترجیح نوجوان نسل، بالخصوص ان افراد کو شیخ زاید کی زندگی اور قومی خدمات سے آگاہ کرنا ہے جو ان کے انتقال کے بعد پیدا ہوئے۔ اس مقصد کے لیے مختلف پروگراموں کے ذریعے ان کے اصولوں اور اقدار کو نئی نسل تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

سات جنوری کے انتخاب کی بھی علامتی اہمیت ہے۔ تاریخ 07.01 کو سات امارات اور ایک قوم کے تصور سے جوڑا گیا ہے، جبکہ یہ دن 1971 میں متحدہ عرب امارات کے اتحاد کے قیام کی یاد بھی تازہ کرتا ہے۔ نئے سال کے پہلے ہفتے میں اس دن کے انعقاد کا مقصد سکولوں اور دیگر اداروں کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے ساتھ شیخ زاید کی اقدار اور قومی ورثے سے وابستگی کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button