خلیج اردو
امریکہ :امریکہ نے 6 فروری کے زلزلے کے بعد زلزلہ زدگان تک امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کی خاطر شام پرعائد پابندیوں سے 180 دن کے لئےمعاف رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ وزارت خزانہ کے غیر ملکی اثاثہ کنٹرول آفس OFAC نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد شام میں امدادی کاروائیوں کی اجازت دینے کے لئے عمومی لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ عمومی لائسنس کے ساتھ شام میں زلزلہ زدگان کی امداد سے متعلقہ تمام امور کو 180 دن کے لئے شام پابندی انتظامیہ کی عائد کردہ پابندیوں سے معاف رکھا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اپنے پابندی پروگرام کے ساتھ جائز انسانی امدا دکو ہدف نہیں بنا رہا۔ موجودہ معافی بھی زلزلے کے بحران میں امریکہ کے شامی عوام کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ "اگرچہ صرف پابندیوں میں نرمی، انتظامیہ کی طرف سے ایک طویل عرصے سے جاری دھونس اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کا رُخ مخالف سمت میں نہیں موڑ سکتی لیکن زلزلے کی تباہی کے بعد اشد ضروری امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی کو یقینی بنا سکتی ہیں۔ ہم شام میں صورتحال کو نگاہ میں رکھیں گے”۔
امریکہ کے نائب وزیر خزانہ والی ایڈیمو نے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں تباہ کن زلزلوں کے بعد جانی المیے اور مالی نقصان پر ترکیہ اور شام کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
ایڈیمو نے کہا ہے کہ ” بین الاقوامی اتحادی اور انسانی امداد کے ساجھے دار زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے کمر بستہ ہو گئے ہیں۔ میں یہ بات کھُلے الفاظ میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ شام پر عائد امریکی پابندیاں شامی عوام کے لئے امدادی کوششوں کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنیں گی”۔