
خلیج اردو
ابوظہبی: ابوظہبی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان نے 2025 کے تیسرے ہاؤسنگ بینیفٹس پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کی روشنی میں دی گئی۔ نیا پیکیج 4 ارب درہم پر مشتمل ہے جس سے امارات کے مختلف علاقوں میں 3 ہزار 310 شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔
اس پیکیج میں 2.27 ارب درہم کے ہاؤسنگ لون شامل ہیں جن سے ایک ہزار 768 شہری مستفید ہوں گے، جبکہ 1.51 ارب درہم مالیت کے ہاؤسنگ گرانٹس اور تیار گھروں کی فراہمی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کم آمدنی والے بزرگ شہریوں، ریٹائرڈ افراد اور مرحوم شہریوں کے اہل خانہ کے لیے لون معافی جبکہ اماراتی فیملی گروتھ پروگرام کے تحت قرضوں میں کمی کی سہولت بھی شامل ہے، جس کی مالیت 208 ملین درہم ہے اور اس سے 204 شہری فائدہ اٹھائیں گے۔
تازہ پیکیج کے بعد سال 2025 میں ابوظہبی کے شہریوں میں تقسیم کیے گئے ہاؤسنگ فوائد کی مجموعی مالیت 15.384 ارب درہم تک پہنچ گئی ہے، جس سے 10 ہزار 718 شہری مستفید ہو چکے ہیں۔ ان میں 11.766 ارب درہم کے ہاؤسنگ لون 7 ہزار 802 افراد کو دیے گئے، جبکہ 3.1 ارب درہم مالیت کی زمین اور تیار گھروں کی گرانٹس 2 ہزار 438 شہریوں کو فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ 514.75 ملین درہم کی معافی اور رعایتیں بھی اماراتی فیملی گروتھ پروگرام کے تحت 478 شہریوں کو دی گئیں۔
ابوظہبی ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام سے اب تک 129 ہزار 448 سے زائد شہریوں کو مجموعی طور پر تقریباً 177.57 ارب درہم کے ہاؤسنگ فوائد فراہم کیے جا چکے ہیں۔ یہ اعلان 54ویں یوم اتحاد کی تقریبات کے موقع پر سامنے آیا ہے، جو قیادت کی شہریوں کی فلاح، خوشحالی اور سماجی استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اابوظہبی ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیئرمین محمد علی الشرفا نے کہا کہ یوم اتحاد کے موقع پر قیادت کی طرف سے شہریوں کی بہبود کو ترجیح دینا باعثِ فخر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل حمد حارب المہیری نے کہا کہ یہ پیکیج طویل المدتی خاندانی استحکام اور پائیدار ترقی کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔







