عالمی خبریں

اقوام متحدہ کا غزہ میں فوری انسانی امداد کی بحالی کا مطالبہ، سعودی عرب کی اسرائیل پر شدید تنقید

خلیج اردو
نیویارک:اقوام متحدہ نے غزہ میں انسانی امداد کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ زدہ علاقے میں امداد کی معطلی ناقابل قبول ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں جنگ سے بچنے کے لیے ہرممکن اور ضروری اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار ٹام فلیچر نے اسرائیل کے غزہ کے لیے امداد معطل کرنے کے فیصلے کو "انتہائی پریشان کن” قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام لاکھوں فلسطینیوں کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔

سعودی عرب نے اسرائیل کے اس فیصلے کو بلیک میلنگ اور غزہ کی آبادی کے لیے اجتماعی سزا قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکے، بین الاقوامی احتساب کے طریقہ کار کو فعال کرے اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے بھی جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے باعث شہری جانوں کو خطرہ لاحق ہے، اس لیے انسانی امداد غزہ میں داخل ہونی چاہیے اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کو دوبارہ ملایا جانا چاہیے۔

غزہ میں جاری بحران پر عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ امدادی تنظیمیں اسرائیل پر دباؤ ڈال رہی ہیں کہ وہ فوری طور پر انسانی امداد کی بحالی کو یقینی بنائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button