خلیج اردو آن لائن:
سعودی عرب کی وزارت صحت نے کورونا ویکسین سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین ایک سال بعد موت کا باعث نہیں بنتی اور ایسی غلط معلومات پھیلانے کے خلاف سخت وارننگ جاری کی گئی ہے۔
وزات صحت کی جانب سے ایسی افواہوں کے رد میں زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جن افراد نے ویکسین لگوائی ہے وہ بلکل صحت مند ہیں کیونکہ ویکسین وباء کے خلاف مؤثر ہتھیار ثابت ہوئی ہیں۔
معاؤن وزیر برائے صحت اور وزارت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدلعلی نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عوام میں ویکسین سے متعلق اعلی سطح کی آگاہی پائی جاتی ہے اور اسی وجہ سے ویکسین لگوانے کی طلب میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ جن افراد نے سعودی عرب سے باہر کسی ملک سے ویکسین لگوائی ہے وہ بھی وزارت صحت کی تواکلنا ایپ کے ذریعے اپنی تفصیلات درج کروا سکتے ہیں۔
عبدلعلی کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین بہت حد تک محفوظ ہیں اور ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 جون تک سعودی عرب کے 590 ویکسی نیشن سنٹروں پر ویکسین کی 1 کروڑ 48 لاکھ 52 ہزار 246 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
مزید برآں، حکام نے ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے سے متعلق وارننگ دیتے ہوئے عوام کو آفیشل سورس سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
Source: Khaleej Times







