عالمی خبریں

چاقو اور کیمیکل حملہ، جاپان کی ٹائر فیکٹری میں 15 افراد زخمی

خلیج اردو کے مطابق وسطی جاپان میں واقع یوکوہاما ربڑ کمپنی کی ایک فیکٹری میں چاقو اور کیمیکل کے حملے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ ایک شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ جمعے کے روز شیزوکا پریفیکچر کے شہر مشیما میں پیش آیا، جو ٹوکیو کے مغرب میں واقع ہے۔

فوجیسان نانٹو فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حملے میں آٹھ افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کیا گیا، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ان میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ مزید سات افراد ایک کیمیکل کے اثر سے متاثر ہوئے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بلیچ تھا، ان تمام افراد کو بھی علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

شیزوکا پولیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ 38 سالہ ملزم کو جائے وقوعہ سے اقدامِ قتل کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام نے تاحال ملزم کے محرکات یا اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا وہ فیکٹری کا ملازم تھا یا نہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور کے پاس ایک سروائیول نائف موجود تھی اور وہ گیس ماسک پہنے ہوئے تھا۔ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ حملے میں استعمال ہونے والا کیمیکل واقعی بلیچ تھا یا کوئی اور مادہ۔

ایمرجنسی سروسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو محفوظ بنا لیا، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے اور ملزم سے تفتیش کا عمل شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق واقعے کے بعد کسی اور کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ یوکوہاما ربڑ کمپنی کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ یہ فیکٹری ٹرکوں اور بسوں کے لیے ٹائر تیار کرتی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button