عالمی خبریں

سری لنکن ایئرلائن کی پرواز میں جھگڑا، سعودی شہری گرفتار

 

خلیج اردو

دبئی: سری لنکن ایئرلائنز کی ریاض سے کولمبو جانے والی پرواز میں 28 سالہ سعودی شہری نے مبینہ طور پر دو فضائی میزبانوں پر حملہ کر دیا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔

یہ واقعہ 26 اکتوبر کو پرواز UL266 پر پیش آیا، جو صبح 6 بج کر 32 منٹ پر کولمبو کے بندرانیائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔

پولیس کے مطابق ملزم کولمبو کے راستے ملائیشیا جا رہا تھا۔ لینڈنگ سے قبل جب عملے نے مسافروں کو سیٹ بیلٹ باندھنے کی ہدایت کی تو اس نے ٹوائلٹ استعمال کرنے کی کوشش کی۔ روکنے پر وہ عملے سے الجھ گیا اور دو فضائی میزبانوں پر حملہ کر دیا۔

پائلٹ نے فوری طور پر ایئرپورٹ حکام کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے طیارہ لینڈ ہوتے ہی مسافر کو حراست میں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح کیبن کے اندر عملہ اور مسافر مشتعل شخص کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

کتونائیکے ایئرپورٹ پولیس اور ایئرپورٹ ٹورسٹ پولیس نے واقعے کی مشترکہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام نے تصدیق کی کہ چونکہ یہ واقعہ سری لنکن فضائی حدود میں پیش آیا، اس لیے ملزم کو اتوار کے روز کولمبو مجسٹریٹ کورٹ نمبر 01 میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button