خلیج اردو
نیویارک: امریکہ میں حالیہ مڈٹرم انتخابات میں شکست کے بعد ری پبلکنز کو مبارک باد پیش کی گئی ہے اور امریکی ایوان نمائندگان پر ری پبلکنزکے کنٹرول کو تسلیم کیا گیا ہے۔ ایسے میں ڈیموکریٹ اسپیکر نینسی پلوسی نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
پلوسی نے ڈیموکریٹ پارٹی سربراہ کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے جنوری میں عہدہ چھوڑنے کا بتایا ہے جب جنوری میں ایوان میں ری پبلکنز کنٹرول سنبھالے گی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 20 سال سے پارٹی کی قیادت کرنے والی نینسی پلوسی نے بتایا کہ ایوان سے ریٹائر ہونے کے بجائے سان فرانسسکو کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔
نینسی عالمی طور پر اس وقت بھی مرکز نگاہ بنی جب انہوں نے امریکی عہدیدار کی حیثیت سے متنازع علاقہ تائیوان کا دورہ کیا۔ انہوں نے چین کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر پروٹوکول میں تائیوان جاکر وہاں کے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے ممکنہ طور پر اسپیکر نینسی پلوسی کی جگہ نیویارک کے نمائندے حکیم جیفریز کا انتخاب ہوگا۔ کانگریس کی جانب سے پارٹی قیادت کیلئے پہلے سیاہ فام شخص حکیم جیفریز کا انتخاب ممکنہ تاریخی اقدام ہوگا۔
ری پبلکنز نے اپنی پارٹی سے اسپیکر مقرر کرانے کیلئے تیاری شروع کردی ہے۔ ری پبلکشنز کے کانگرس پر اجارہ داری کی صورت میں صدر جو بائیڈن کو قانون سازی میں سخت مشکلات کا سامنا پڑے گا۔
Source: Khaleej Times