عالمی خبریں

ہر طرف چھائے سیاسی اندھیروں میں نیویارک روشنی ہے،ظہران ممدانی

خلیج اردو
نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے اپنے خطاب میں شہر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "نیویارک کے عوام نے ثابت کر دیا کہ طاقت ہمیشہ ان کے ہاتھ میں ہے”۔ ممدانی نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کی انتخابی مہم میں انہوں نے تاریخ رقم کی اور نیویارک کے عوام نے تبدیلی کے لیے آج ووٹ دیا۔
ظہران ممدانی یکم جنوری کو بطور میئر حلف اٹھائیں گے اور اپنی کامیابی کو عوام کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا، "ہمارا مستقبل اب ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے اور نیویارک میں موروثی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے”۔
انہوں نے عوامی خطاب میں جمہوریت کی فتح اور نئے دور کی قیادت کا اعلان کرتے ہوئے کہا، "یہ شہر آپ کا ہے، یہ جمہوریت آپ کی ہے اور نیویارک کے ہر مزدور، ٹیکسی ڈرائیور، شیف اور نرس کا شکریہ کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم شہر کو ایسا بنائیں گے جہاں ورکنگ کلاس آسانی سے رہ سکے۔”
ممدانی نے انتخابی مہم میں عوام کی انتھک محنت کو سراہا اور کہا، "ہم نے خوفزدہ کرنے والے کو آج جواب دے دیا، آج خوف کی شکست اور امید کی جیت ہوئی۔ عوام کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور نیویارک میں اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں”۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاست اب صرف عوام کی خدمت اور شفاف قیادت کے لیے ہوگی اور کہا، "ٹرمپ سن لیں، تارکین وطن ہی نیویارک کو چلائیں گے۔ میں مسلمان ہوں اور ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہوں، اس پر کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔ نیویارک سے جو محبت کرتا ہے، یہ بھی اس سے محبت کرتا ہے۔”
ظہران ممدانی کی جیت مسلم کمیونٹی کے لیے تاریخی اور نیویارک کی سیاست میں ایک نئے دور کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button