
خلیج اردو
ریاض / بغداد / کویت سٹی، 23 جون 2025ء
ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکا کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں پر خلیجی ممالک کی قیادت نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف حملے کی مذمت کی ہے بلکہ مسئلے کے فوری سیاسی حل پر زور دیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے، اور ایسے اقدامات پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ سعودی عرب نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ خود پر قابو رکھیں اور ایسے کسی بھی عمل سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہو۔
ادھر عراق کی حکومت کے ترجمان نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں سے مشرق وسطیٰ کے استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگیں صرف تباہی لاتی ہیں اور امریکی فوجی جارحیت نے پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے۔
کویت نے بھی عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ کویتی حکام نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا اثر صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے عالمی سلامتی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
خلیجی ممالک نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ صرف سفارتکاری، تحمل اور سیاسی مکالمے کے ذریعے ہی موجودہ تنازعے کا پرامن حل ممکن ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ جلد اقدامات کرے تاکہ ایک تباہ کن جنگ کو روکا جا سکے۔






